بنگلورو،28؍ اگست(ایس اونیوز)ریاستی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر جگدیش شٹر نے کہا کہ سابق وزیر اعلیٰ اور ریاستی بی جے پی صدر بی ایس یڈیورپا کو نشانہ بنانے کیلئے ریاستی حکومت انسداد کرپشن بیورو کا غلط استعمال کررہی ہے، آج کلبرگی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزیر اعلیٰ سدرامیا اپنی انتقامی سیاست کے ایجنڈا کو پورا کرنے کیلئے اے سی بی کا استعمال کررہے ہیں۔ اسی مقصد کے تحت یڈیورپا کو نشانہ بنایا گیا اور ان کے مقامات پر چھاپے مارے گئے۔ انہوں نے کہاکہ انسداد کرپشن بیورو قائم ہونے کے بعد کانگریس لیڈروں کے خلاف جتنے بھی مقدمے اس ایجنسی میں دائر ہوئے ان تمام کو سرد خانوں میں رکھ دیا گیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پچھلے تین سال کے دوران اے سی بی کے قیام کے بعد سے جتنے مقدمے دائر ہوئے اور ان پر جو کارروائی ہوئی ہے اس پر قرطاس ابیض جاری کیاجائے۔ وزیر اعلیٰ پر ریاست کے طاقتور لنگایت فرقہ کو توڑنے کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سدرامیا اپنے وزراء کا استعمال کرکے اس طاقتور طبقے میں دراڑ ڈالنے میں کافی حد تک کامیاب ہوچکے ہیں ، سابق ڈی وائی ایس پی گنپتی کی مبینہ خود کشی کے معاملے میں ثبوت پر پردہ پوشی کرنے کے انکشافات کا حوالہ دیتے ہوئے شٹر نے کہاکہ اس میں ملوث وزیر برائے ترقیات بنگلور کے جے جارج کو فوراً مستعفی ہوجانا چاہئے۔ شٹر نے کہاکہ پچھلے چار سال کے دوران ریاست میں کانگریس حکومت کی کارکردگی صفر ہے۔اپنی ناکامیوں پر پردہ پوشی کیلئے سدرامیا نے لنگایت مذہب کا تنازعہ اور کرناٹک کے علیحدہ پرچم کا معاملہ اچھال دیا ہے۔